سکھر (نمائندہ جسارت) روڈ حادثات پر قابو پانے اور مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹر وے پولیس مؤثر حکمت عملی اپنا رہی ہے، جس کے باعث روڈ حادثات میں مزید کمی ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی نے ایک روزہ سیکٹر ون سائوتھ زون سکھر کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر سائوتھ سکھر ایس پی موٹر وے زاہد نذیر وریاہ ودیگر افسران و شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی کا کہنا تھا کہ سائوتھ زون میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہتر پولیسنگ اور متعدد آگاہی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں، جس سے مسافروں کو نہ صرف ٹریفک کے قوانین کے حوالے سے آگاہی مل رہی ہے، بلکہ روڈ حادثات میں بھی مزید کمی ہورہی ہے،موٹر وے پولیس چوبیس گھنٹے نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر خصوصاً سردیوں کے سیزن میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہونے پر بھی مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کررہی ہے۔ تقریب سے سیکٹر کمانڈر سکھر زاہد نذیر وریاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر کی جانب سے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مسافروں کے جان و مال کے تحفظ اور ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے وقتاً فوقتاً آگاہی مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی موٹر وے اور ایس پی موٹر وے نے تقریب میں شامل عام شہریوں میں فری ہیلمیٹ تقسیم کرتے ہوئے انہیں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی بھی دی ۔
