حیدرآبادڈاسٹاف رپورٹر)آل ایچ ڈی اے آفیسرز اینڈ آفیشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شاہ نواز قریشی نے وزیراعلیٰ سندھ ، صوبائی وزیر بلدیات ، سیکرٹری بلدیات ، سیکرٹری فنانس سے اپیل کی ہے کہ ادارہ ترقیات حیدرآباد کے شعبہ واسا کے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں پر پانی اور سیوریج کی مد میں واجب الادا اربوں روپے کی رقم دلوائی جائے تاکہ واسا اور ایچ ڈی اے کے ملازمین کی تنخواہیں ، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور گریجویٹی کے دیرینہ مسائل حل کیے جاسکیں۔ وہ ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں اورممبران نے بھی شرکت کی۔ شاہنواز قریشی نے کہا کہ ایچ ڈی اے اور اس کے شعبہ واسا کے ہزاروں مستقل اور عارضی ملازمین 7ماہ کی تنخواہوں اور دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ جبکہ دوسری جانب صوبائی حکومت کے ماتحت چلنے والے سرکاری و نیم سرکاری اداروں پر محکمہ کے اربوں روپے کے واجبات ہیں جو کئی سالوں سے ادا نہیں کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ایچ ڈی اے شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ صوبائی حکومت فوری طورپر اس مسئلے کو حل کرائے اور اس کے ساتھ ہی ایچ ڈی اے کو فوری طورپر خصوصی گرانٹ دی جائے تاکہ ملازمین کی تنخواہیں بروقت ادا کی جاسکیں۔ سیوریج و پینے کے پانی کی لائنوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ دیگر ترقیاتی کام ہوسکیں۔
