شاہ کوٹ/ لاہور (آن لائن+ اے پی پی) شاہ کوٹ کے علاقے میں بیٹے نے ماں، بہن، بھابی اور بیوی کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم موقع سے فرار ، مقدمہ درج، وزیراعلیٰ پنجاب سے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق بسم اللہ کالونی نزد لاری اڈا شاہ کوٹ کے رہائشی فیکٹری ملازم شکیل اکرم طیش میں آکر تیز دھار چھریوں کے وار کرکے اپنی والدہ کنیز فاطمہ، بیوی شبانہ بی بی، بھابی زنیرہ بی بی اور ہمشیرہ فائزہ اکرم کو قتل کرکے فرارہو گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ننکانہ صاحب اسماعیل کھاڑک نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے، تھانہ شاہ کوٹ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دیا اور کارروائی شروع کردی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے ملزم کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کسی رعایت کا مستحق نہیں، خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ملزم کو گرفتار اور مقتتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہم کیا جائے۔
