لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی جانب سے چانڈکا اسپتال ایمرجنسی، نیفرولوجی اور سرکاری ادویات اسٹور کا دورہ، اسپتالوں میں گندگی اور صفائی کے بہتر انتظامات نہ ہونے پر سیشن جج نے برہمی کا اظہار کیا، سیشن جج نے ایمبولینس اور جنریٹر کا بھی معائنہ کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرف الدین شاہ نے گزشتہ روز صبح کے وقت چانڈکا اسپتال ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا، جہاں گندگی اور صفائی کے بہتر انتظامات نہ ہونے سمیت ڈاکٹروں اور عملے کی عدم حاضری پر سیشن جج نے برہمی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران سیشن جج نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے متعلق معلوم کیا، جس پر ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ ایم ایس چھٹی پر ہیں جس پر سیشن جج نے کہا کہ اگر ایم ایس موجود نہیں ہوگا تو اسپتالوں کا نظام کیسے چلے گا؟ جس کے بعد سیشن جج نے ایمرجنسی وارڈ میں سرکاری ادویات اسٹور کا دورہ کرکے ادویات کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں سیشن جج نے نیفرولوجی وارڈ کا دورہ کیا، ایک ضعیف خاتون نے انہیں شکایت کی کہ ڈائیلاسز نہ ہونے کے باعث طبیعت خراب ہے، جس پر سیشن جج نے ضعیف مریضہ کو ڈائیلاسز پر رکھنے کی ہدایت کی۔ اسی دوران نیفرولوجی وارڈ میں گندگی اور صفائی کے خراب انتظامات پر سیشن جج نے برہمی کا بھی اظہار کیا۔ دوسری جانب سیشن جج نے ایمبولینسز کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر کی عدم موجودگی اور ائرکنڈیشنڈ دیر سے چلنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا، جس کے بعد سیشن جج نے جنریٹر کے متعلق معلومات لی۔
