کراچی( اسٹاف رپورٹر) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کاسموپولیٹن گورنمنٹ گرلز سکینڈری کیمپس اسکول میں تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا ۔
مقابلے میں طالبات نے حصہ لیا۔اس موقع پر کاسموپولیٹن گورنمنٹ گرلز سکینڈری کیمپس اسکول کی انچارج میڈم ماجدہ نے طلباء سے خطاب بھی کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں معصوم مائیں بہنیں روزانہ کی بنیاد پر اپنے سہاگ، باپ، بیٹوں کی قربانی دے رہی ہیں کشمیر میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں جس کی مثال تاریخ انسانی میں بہت کم ملتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی آواز کو جتنا دبانے کی کوشش کی جائے گی وہ اتنی ہی بلند ہوگی چونکہ کشمیر کی آزادی کے لئے پہلے مجاہد رہنما سردار محمد عبدالقیوم خان،مقبول بٹ اوربرہان وانی نے اپنی جانیں قربان کردیں۔
بھارت کشمیر میںمسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے پر تلا ہوا ہے آخر کب تک دنیا کشمیر کی بربادی پر خاموش رہے گی اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھارت کے ظلم و بربریت کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔
عالمی برداری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی کشمیر میں ہونے والے مظالم پر مجرمانہ خاموشی ان کے دستور کے اوپر سوالیہ نشان ہے اور اس بات کی واضح دلیل ہے کہ انکا دنیا میں جاری مظالم سے کوئی سروکار نہیں۔
مسئلہ کشمیرفلسطین کی ایک کڑی ہے۔اقوام متحدہ بھی کشمیری عوام کی امیدوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروانے میں ناکام نظر آتی ہے۔
کشمیری عوام کی ہمت و جرات و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ زندہ و جاوید قوم ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مقابلے میں اول ،دوئم اور سوئم آنے والے طلباءمیں ایوارڈ اور اسناد تقسیم کئے گئے۔

