لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر پولیس نے مختلف مقامات پر جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے موٹر سائیکلیں اور منشیات برآمد کرلی۔ بقاپور پولیس نے دو روپوش ملزمان علی بخش چانڈیو اور محرم چانڈیو کو، کنگا پولیس نے اشتہاری ملزم سکندر جاگیرانی اور منشیات فروش سرور لغاری کو منشیات سمیت جبکہ یونیورسٹی پولیس نے مطلوب ملزم عالم موجائی کو گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری جانب رتوڈیرو پولیس نے شہری وارث ملک اور مظفر بوذدار کی چوری شدہ موٹر سائیکلیں جبکہ دڑی پولیس نے شہری امن شیخ اور سلیم لاشاری کی چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد کے گاؤں باری شاہ میں رند برادری کے دو گروہوں میں زمینی تنازع پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 60 سالہ ضعیف شخص حاجی محمد انور کو شدید زخمی کردیا، جسے ورثا کی جانب سے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں دوران علاج وہ دم توڑ گئے۔ ورثاء کے مطابق ان کا اپنے ہی برادری سے پرانہ زمینی تنازع چل رہا ہے، جس پر مخالفین نے حملہ کرکے محمد انور رند کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب مقتول کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔
