جہانیاں (آن لائن) ضلع خانیوال کے علاقے محسن وال جنڈیالی بنگلا روڈ پر ٹریفک کا المناک حادثہ،تیزرفتارکار بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی،حادثے میں میاں بیوی بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔لوگ جاں بحق خواتین کی بالیاں نوچ کراور مردوں کی جیبوں سے رقم، موبائل فون نکال لے کرگئے، کار میں سوار میاں بیوی ملک عید محمد،رضیہ بی بی بیٹے ثنااللہ، عبیداللہ، بہو مریم بی بی زوجہ سیف اللہ، پوتی ایک سالہ عائمہ سمیت 6 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ زخمی مقدس بی بی کو ریسکیو 1122 نے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میاں چنوں منتقل کیا۔بعدازاں اسے تشویشناک حالت کے پیش نظر نشتر اسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا جہاں مقدس بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ ذرائع کے مطابق عید محمد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اپنے بیٹے کی منگنی کی تقریب میں شرکت کے لیے 15ایل ونجاری جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افرادکو گاڑی کاٹ کر نکالا۔
