English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تحریک تحفظ مساجدو مدارس کا پارلیمنٹ ہاؤس پردھرنے کااعلان

القمر

راولپنڈی( صباح نیوز )مختلف مکاتب فکر کے علما اورتمام مسالک کے وفاقوں نے وقف املاک ایکٹ اور نئے وفاقوں کے قیام کو مستردکرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی سازشیں آمریت کے ادوار میں بھی ہوئی ہیں لیکن علماکرام نے متحد اور یکجا ہو کر تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا حکومت کی جانب سے ایکٹ اور نئے وفاقوں کے قیام کا فیصلہ واپس لینے تک جڑواں شہروں کے علماکرام بھرپور مزاحمت کریں گے اس سلسلے میں یکم مارچ کو راولپنڈی کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے اور اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر دھرنا دیں گے ۔ان خیالات کااظہارتحریک تحفظ مساجدومدارس کے زیراہتمام جامعہ اسلامیہ صدرمیں علما کنونشن سے خطاب واعلامیے میں کیا گیاہے ، تحریک تحفظ مساجد و مدارس کے زیر اہتمام جامعہ اسلامیہ صدر میں تحریک کے سربراہ مولانا ظہور علوی کی زیر صدارت کنونشن منعقد ہوا ۔جس کی میزبانی ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان نے کی۔ کنونشن میں وفاق المدارس العریبہ پاکستان پنجاب کے ناظم مولانا قاضی عبدالرشید جمعیت اہلسنت کے امیر مولانا اشرف علی تحریک تحفظ مساجد و مدارس کے سرپرست اعلیٰ مولانا نذیر فاروقی، تنظیم المدارس اہلسنت کے سیکرٹری امتحانی بورڈ مولانا اسحاق ظفر ،تنظیم المدارس کے صوبائی ناظم مولانا سید احسان الحق شاہ ،مولانا پیر اقبال نعیمی سمیت دیگر مدارس و مساجد کے ائمہ کرام نے خطاب کیا۔بعدازاں تحریک تحفظ مساجدومدارس کے رہنمائوں ودیگرنے پریس کانفرنس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ 5نمائندہ وفاق کے مقابلے میں جعلی وفاقوںکے قیام کو مستردکرتے ہیں ان وفاقوں کا حشر بھی پرویز مشرف کے دور میں بنائے گئے ماڈل مدارس جیسا ہوگا اس وقت تمام طبقات میں اضطراب اور اشتعال پایا جاتا ہے ہم اپنی تحریک کا دائرہ اگلے مرحلے میں ملک گیر سطح تک وسیع کریں گے اور تمام طبقات کو تحریک تحفظ مساجد و مدارس میں شامل کرینگے ۔ اپنے موقف کی تائید کے لیے قومی سیاسی جماعتوں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماکرام اور وفاق المدارس سمیت دینی تنظیموں کے رہنمائوں نے اس تحریک کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کیا ہے ۔قاضی عبدالرشید نے کہا کہ اجلاس میں تمام مستند بورڈ کے قائدین نے فیصلہ کیا ہے کہ تجفظ مساجد مدارس کی تحریک جاری رہے گی ہم وقف املاک ایکٹ واپس ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔حکومت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ مدارس کو دیوار سے لگانے کی کوششوں سے باز رہے اور غیر آئینی ایکٹ کو واپس لے ۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عتیق الرحمان نے کہا کہ وزیر داخلہ کو جتنی تنخواہ ملتی ہے وہ اتنی ہی بات کرتے ہیں کوئی طاقت مساجدو مدارس پر پابندی نہیں لگا سکتی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے