

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کی مقبوضہ وادیٔ اُردن کے شمال میں ایک یہودی شرپسند نے گاڑی کی ٹکر سے 3 فلسطینیوں کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی موقع پر دم توڑ گیا جب کہ 2 شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیے گئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی فلسطینی حکام نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے جمعہ کے روز عین البیضا اور بردلا کے درمیان چوک میں فلسطینی شہریوں کو جان سے مارنے کی کوشش کی، جس میں 50 سالہ بلال شحادہ بواطنہ موقع پر شہید ہوگیا۔ دریں اثنا غرب اُردن ہی میں فلسطینی شہریوں نے یہودی شرپسندوں کا ایک دوسرا حملہ ناکام بنا دیا۔ مقامی افراد کے مطابق حومش یہودی کالونی کے قریب شرپسند آبادکاروں کے ایک گروہ نے فلسطینی شہریوں پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔ علاوہ ازیں مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران کئی فلسطینی گرفتار اور کئی دیگر کو حراست میں لے کر تفتیشی مراکز میں منتقل کردیا گیا۔ اسی دوران مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینی شہریوں کی طرف سے ایک شہید کا جسد خاکی حاصل کرنے کے لیے نکالی گئی ریلی پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔
