سعودی وزارت صحت نے شہریوں سے کورونا ویکسین سے متعلق گمراہ کن خبروں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے اطمینان دلایا ہے کہ مملکت میں زیراستعمال تمام ویکسینز مؤثر اور محفوظ ہیں۔
ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبد العالی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مملکت میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور اس میں بتدریج توسیع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کے حوالے سے گمراہ کن اطلاعات پر کان نہ دھرے جائیں ایسے دعوے سراسر غلط ہیں جس میں ویکسین کے مضر ہونے کی بات کی گئی ہو۔
ترجمان نے یقین دلایا کہ مملکت میں استعمال ہونے والی تمام ویکسینز مؤثر اور محفوظ ہیں، ویکسین سب کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ صحتی ایپ کے ذریعے ویکسین حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کروائیں خاص کر معمر افراد، لاعلاج یا دائمی بیماریوں میں مبتلا اور موٹاپے کے شکار افراد جلد از جلد رجسٹریشن کروائیں اور اس میں تاخیر نہ کریں۔
ترجمان نے بتایا کہ ویکسی نیشن کا عمل بتدریج آگے بڑھایا جا رہا ہے اگلے مرحلے میں مملکت سے دیگر علاقوں میں ویکسی نیشن کی جائے گی۔

