سکھر (نمائندہ جسارت) ترقیاتی کاموں کے لیے کھدائی کے باعث روہڑی کے اہم راستے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہر میں خریداری کے لیے آنے والے دیہاتیوں اور مکینوں کو آمدو رفت میں سخت دشواری کا سامنا، گزشتہ کئی ماہ سے سڑکوں کی ابتر صورتحال کی وجہ سے شہر میں کاروباری سرگرمیاں بھی ماند پڑنے لگی ہیں۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور ضلع انتظامیہ سے نوٹس لیکر سڑکیں تعمیر کروا نے کا مطالبہ۔ روہڑی شہر میں جاری ترقیاتی کام کے سلسلے میں پہلے سوئی گیس کمپنی نے پائپ لائن بچھانے کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ نے شہر کے نکا سی آب کے نالے کی تعمیر کے لیے ایک ماہ قبل نجی کمپنی کی جانب سے کیبل بچھانے کے لیے روہڑی شہر کے اہم داخلی راستوں مسان روڈ، لالا شہزادہ چوک،کربلا روڈ ودیگر علاقوں میں کھدائی کرکے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے جسکی وجہ سے شہریوں اور گاہکوں کو آمد رفت میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو دوسری جانب اڑنے والی دھول مٹی کے باعث تاجروں کا دکانوں میں بیٹھنا محال ہوگیا ہے سڑکوں کی ابتر صورتحال کے باعث روہڑی شہر میں کاروبار ی سرگرمیاں ماند پڑتی جارہی ہیں شہریوں کی جانب سے مقامی انتظامیہ کو شکایت کے باوجود تدارک نہیں کیا جارہا ہے انجمن تاجران جنرل مرچنٹ ایسوسی ایشن روہڑی کے صدر میر زاہد سولنگی، نائب صدر غلام سرور شر،نسیم خان پٹھان، لعل چند، تاج محمد مغل ودیگر نے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، کمشنر ڈپٹی کمشنر سکھر اسسٹنٹ کمشنر روہڑی سے مطالبہ کیا کہ روہڑی شہر کے اہم راستوں کی ابتر صوتحال کا نوٹس لیکر سڑکوں کی تعمیر کرواکر راستوں کو درست کروایا جائے تاکہ شہر کی کاروباری رونقیں بحال ہوسکیں۔
