English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دیوار براق پر اسرائیلی تعمیرات سے مسجد اقصیٰ کو نقصان

مقبوضہ بیت المقدس: مسجد اقصیٰ کی دیوارِ براق سے بالکل متصل اسرائیلی تعمیرات جاری ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ کی مغربی دیوار کا تاریخی تشخص تبدیل کرنے کے لیے تعمیرات شروع کردیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق صہیونی حکومت دیوار براق سے متصل اپنے مذموم مقاصد کے لیے تعمیرات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں بھاری مشینوں کے ذریعے کام جاری ہے اور تاریخی مقام کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ کرینوں اور کھدائی کے دوران استعمال کی جانے والی بھاری مشینوں کے باعث تاریخی دیوار میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور اس کے منہدم ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ صہیونی حکام منصوبے کے تحت زیر زمین بھی تعمیرات کررہے ہیں اور اس سلسلے میں مشینیں دن رات گہرائی تک کھدائی کرنے میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ بنیادوں اور دیواروں میں لوہے کا استعمال کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار کے آخری ایام میں صہیونی آباد کاری اور توسیع پسندی میں بے انتہا اضافہ ہوا تھا۔ اسی دوران صہیونی حکام نے مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے کے قریب دیوار براق کے صحن میں کھدائیاں شروع کردی تھیں۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارتِ اوقاف و مذہبی امور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ کی دیوار کے سامنے باب مراکش کے پاس عارضی پل کی دوسری جانب بھی کھدائیاں دیکھی گئی ہیں۔ دیوار براق مسجد اقصیٰ کی مغربی دیوار کا حصہ ہے اور یہود اسے دیوار گریہ کا نام دیتے ہیں اور اس مقام پر اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔ فلسطینی محکمہ اوقاف کا کہنا ہے کہ حالیہ کھدائیاں دیوار براق اور مسجد اقصیٰ کے جنوبی و مغربی حصے کو یہودیانے کی صہیونی سازش کا حصہ ہے۔ محکمہ اوقاف کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے صحن میں کھدائیاں یونیسکو کے فیصلوں اور قراردادوں کے منافی ہیں۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے