لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ شوکت خانم اسپتال پی سی بی کے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سیزن 2021-22 کیلیے پاکستان کرکٹ کا آفیشل ہیلتھ کیئر پارٹنر بن گیا ہے ۔ اس پارٹنرشپ کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈاب شوکت خانم اسپتال کی مدد سے مینز، ویمنز اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے لیے مقررہ کوویڈ19 ٹیسٹنگ اور دیگر پروٹوکولز پر مل کر کام کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شوکت خانم اسپتال کے ساتھ شراکت داری ہمارے لیے اطمینان اور فخر کی بات ہے۔ شوکت خانم اسپتال نے گزشتہ کئی برسوں میں اپنے آپ کو ملک کے ایک بہترین ٹرسٹ ادارے کے طور پر منوایا ہے جو غریب اور پسماندہ افراد کی خدمت کی غرض سے دنیا بھر میں جاناجاتا ہے۔ وسیم خان نے کہاکہ فلاحی کاموں سمیت شوکت خانم اسپتال عالمی معیار کا ہیلتھ کیئر نظام بھی فراہم کرتا ہے جو آئندہ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے دوران ہمارے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

