کراچی: بانیِ پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح ؒ کا 73 واں یوم وفات آج 11 ستمبر کو نہایت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی وفات کو 73 سال مکمل ہوگئے، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے زیر اہتمام تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوتی ہیں جبکہ قائد کی مغفرت کیلیے ملک بھر میں فاتحہ خوانی کی جاتی ہے۔
قائد اعظم محمدعلی جناح ؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے پاکستان معرض وجود میں آیا، قائد اعظم قیامِ پاکستان کے بعد 11 ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے، آج کا دن ایک ایسے عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے کہ جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا۔
دوسری جانب بانیِ پاکستان کے یوم وفات کے موقع پروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 72 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آج کے روز ہمیں کشمیریوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیئے، ہم سب قائد کے اصولوں پر چلیں تو یہ ملک ترقی کرے گا۔

