English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سانحہ کارساز: جناح گراؤنڈ ميں جلسے کی تیاریاں مکمل

کراچی: سانحہ کارساز کے شہداء کی برسی کے موقع پر پيپلزپارٹی کی جانب سے آج بروز اتوار 17 اکتوبر کو کراچی کے جناح گراؤنڈ ميں جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق   سانحہ کارساز کراچی کو 14 سال بیت گئے، دردناک واقعے میں پیپلز پارٹی کے 200 کارکنان اور جیالے شہید ہوئے اور ہر سال 18 اکتوبر کو اس واقعہ کی یاد میں شہدا کا  دن منایا جاتا ہے۔

پیر کے روز سیکیورٹی معملات اور ٹریفک کی وجہ سے  جلسہ آج بروز اتوار  منعقد کیا جارہا ہے  اور  جلسے کی تمام تيارياں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ جلسے سے بلاول بھٹو بھی خطاب کریں گے۔

جلسہ گاہ میں پنڈال کو بھی پارٹی جھنڈوں سے سجایا گیا ہے جبکہ جلسہ گاہ کے اندر اور باہر کنٹينرز کی مدد سے سيکيورٹی حصار قائم کیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

مزار قائد کے سامنے ہونے والے جلسے کیلئے پنڈال سجا دیا گیا ہے اور باغِ جناح میں بڑی تعداد میں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں،  جلسے کے لیے 50 فٹ اونچا اور 120 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔

خیال رہے پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے باغ جناح کا دورہ کیا اور جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا، نثار کھوڑو کے مطابق جلسہ شام 4 بجے سے شروع ہوجائیگا، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

دوسری جانب شہدائے کارساز کی یادگار پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شمعیں روشن کیں اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

یاد رہے 18 اکتوبر 2007 میں کئی سال جلا وطنی کے بعد پاکستان واپس آنے والی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے استقبالیہ جلوس پر کراچی میں 2 دھماکے ہوئے تھے جن میں 200 سے زائد افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے