کوئٹہ: میر عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ نئے وزیراعلی بلوچستان منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سےعہدے سےمستعفیہونے کے بعد نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ قائم مقام اسپیکر بابر موسیٰ خیل نے بتایا کہ میر عبدالقدوس بزنجو کے حق میں 39 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ اپوزیشن بنچزسے کسی رکن نے قائد ایوان کے انتخاب میں ووٹ رجسٹر نہیں کروائے اور رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
میرعبدالقدوس بزنجو اجلاس میں بلامقابلہ نئے وزیراعلی بلوچستان منتخب ہوگئے، کیونکہ قائد ایوان کے لئے قدوس بزنجو کے علاوہ کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔ قدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کی نشست سنبھال لی۔
قدوس بزنجو بحیثیت وزیراعلی آج ہی اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھائیں گے۔ گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری شام پانچ بجے منعقد کی جائے گی جس میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا عبدالقدوس بزنجو سے حلف لیں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنما جام کمال نے اپنی ہی جماعت کے ارکان کی جانب سے تحریک عدم اعتمادپیش کرنے کے باعث وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد بی اے پی نے نئے وزیراعلیٰ کے لیے عبدالقدوس بزنجو کو نامزد کیا تھا۔

