
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونیورسٹی جام شورو کے ایم فل کے طلبہ سنجنا چنا، پرویز ، بوزدار، دریا خان چانڈیو ودیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سندھ یونیورسٹی انتظامیہ تعلیم دشمنی پر اتر آئی ہے ،ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت تمام شعبہ جات کی فیسوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے جس کے باعث غریب طلبہ سے تعلیم حاصل کرنے کا بنیادی حق چھینا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ سندھ جو صوبے کاواحد اعلی علمی ادارہ ہے ،انتظامیہ نے حالیہ فیس اضافہ کرکے طلبہ کو پریشان کردیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ یونیورسٹی انتظامیہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی حالیہ فیسوں میں 120فیصد اضافہ کردیا ہے ایم فل کی فیس 70ہزار سے بڑھاکر ایک لاکھ 60ہزار روپے جبکہ پی ایچ ڈی کی فیس ڈیڑھ لاکھ سے ڈھائی لاکھ روپے کردی ہے مہنگائی کے دور میں اچانک فیسوں میں بڑا اضافہ نوجوانوں کو اعلی تعلیم سے محروم رکھنے کی سازش ہے انہوںنے کہا کہ فیسوں میں اضافے کے خلاف آج سے علامتی بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی اور پیر کے روز عدالت مین پیٹشن داخل کی جائے گی۔
