English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یمنی فوج کا مآرب میں باغیوں کے بڑے نقصان کا دعویٰ

القمر

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن کے صوبے مارب کے جنوب میں چند گھنٹوں کے دوران میں حوثی ملیشیا کو مختلف محاذوں پر شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔یمنی فوج نے ہفتے کے روز جاری ایک بیان میں بتایا کہ صبح سویرے ہونے والی جھڑپوں میں حوثی ملیشیا کا بھاری جانی اور مادی نقصان ہوا ۔یمنی فوج کے میڈیا مرکز کے مطابق مارب کے جنوب میں عوامی مزاحمت کاروں اور یمنی فوج نے مل کر مختلف محاذوں پر باغیوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا۔ بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق مارب کے مغرب میں کسارہ کے محاذ پر حوثیوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا۔ اس دوران میں ایران نواز ملیشیا کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے۔اس کے علاوہ حوثیوں کی کئی عسکری گاڑیاں اور لڑائی کا سامان تباہ ہو گیا۔ یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے مارب کے جنوب اور مغرب میں حوثی ملیشیا کے مختلف ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ ان کے نتیجے میں درجنوں حوثی جنگجو ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ کارروائی میں ایک ٹینک ، گولہ بارود کا ڈپو اور حربی ساز و سامان سے لدی تین گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔یاد رہے کہ حوثی ملیشیا رواں سال فروری سے تزویراتی اہمیت کے حامل صوبے مارب پر حملے کر رہی ہے جو تیل کی دولت سے مالا مال ہے۔ البتہ مقامی قبائل اور یمنی فوج کی شدید مزاحمت کے باعث ایران نواز ملیشیا کی صوبے میں داخل ہونے کی کوشش ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے