English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزارتِ خارجہ میں قائم کردہ “ایف ایم پورٹل کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

وزارتِ خارجہ میں قائم کردہ “ایف ایم پورٹل” کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے VISION FO کے تحت ایف ایم پورٹل کا افتتاح کیا۔ ایف ایم پورٹل کا آغاز 187 ممالک میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آسانی اور سہولت پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے.

تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے مسائل کے فوری حل، تاثرات، شکایات اور تجاویز کیلئے اس پورٹل کو بروئے کار لا سکیں ۔ یہ پورٹل وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن اور وزیر خارجہ کے ڈیجیٹل ڈپلومیسی ایجنڈے اور پبلک ڈپلومیسی انیشی ایٹو کے مطابق شروع کیا گیا ہے۔

اس ایپ کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پرائم منسٹرز پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی مدد سے تیار کیا ہے۔ ایف ایم پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سروسز کی فراہمی میں بہتری لانے کے لیے دفتر خارجہ میں کیے گئے اصلاحاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی-

جن میں دستاویزات کی تصدیق کیلئے معیاری طریقہ کار کا آغاز، جعل سازی کے امکانات کو کم کرنے کے لیے QR کوڈ، ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز ، پاکستان کے اندر کورئیر سروسز کے ذریعے دستاویزات کی تصدیق، مشنز کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کی آن لائن تصدیق، اوورسیز پاکستانیوں کو جانشینی کے سرٹیفکیٹ اور انتظامی خطوط کے اجرائ کے لیے بیرون ملک 16 مشنز میں نادرا کاو نٹرز کے قیام کا منصوبہ پر مشتمل اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا دفتر خارجہ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پولیس محکموں کے ساتھ بھی مشاورت کر رہا ہے تاکہ پنجاب اور آئی سی ٹی پولیس کے مطابق پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجرائ کو ڈیجیٹل بنایا جا سکے۔ مزید برآں، اب تک 14 مشنز کو پنجاب لینڈ ریکارڈ سسٹم کے “میوٹیشن” اور “رجسٹریشن” دستاویزات کے ڈیجیٹل ریکارڈ تک رسائی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا ایف ایم کے ڈیجیٹل ڈپلومیسی ایجنڈے کے تحت ، پچھلے سال وزیر خارجہ نے “ایف ایم ڈائریکٹ ایپ” کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ اور جدہ میں ہمارے قونصلیٹ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک اینڈرائیڈ ایپ “Pakistan in KSA” لانچ کی ہے۔

انہوں نے کہا اسی طرح، عمان اور کویت میں ہمارے مشنز کی طرف سے سفارت خانے کے پورٹل ایپس کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ نے دبئی اور گردونواح میں مقیم پاکستانیوں کو مختلف خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک اینڈرائیڈ ایپ “Pak In Dubai” بھی لانچ کی ہے۔

میری ہدایت پر، تمام مشنز اپنی اپنی کمیونٹیز کے پاکستانی ممبران کے ساتھ، ماہانہ ای کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا آج مجھے یہ بتاتے ہوئے مسرت محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان کے تمام 114 مشنز، آن لائن جڑے ہوئے ہیں اور ٹویٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر فعال اور متحرک ہیں۔

وزیر خارجہ نے اس ایپ کی تیاری میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پرائم منسٹرز پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی معاونت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اسے اہم قومی خدمت قرار دیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اسپیشل سیکرٹری رضا بشیر تارڑ، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سینیئر افسران بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے