پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے وزیر اعظم سکاٹ موریسن جھوٹ بول رہے ہیں اور ہمیں آبدوزوں کے سمجھوتے کی منسوخی کے بارے میں پہلے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کیگئی تھیں۔ صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اس بارے میں پورے یقین سے کہتا ہوں کہ میرے ساتھ جھوٹ بولا گیا ہے۔ ماکروں نے کہا کہ ہم آسٹریلیوی حکام کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں اور وقت کے ساتھ صورتحال زیادہ واضح ہو جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ میں آسٹریلیا اور وہاں کے عوام کا احترام کرتا ہوں اور اسی احترام کا اظہار فریق کی طرف سے بھی ضروری ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے فرانسیسی صدر کی طرف سے دروغ گوئی کے دعووں کی تردید کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جون میں فرانس کے ایلزے پیلس میں عشائیے کے دوران میں نے صدر ماکروں پر واضح کردیا تھا کہ ان کی روایتی آبدوزیں ہمارے مفادات کو پورا نہیں کرتیں۔ فرانس کے ساتھ روایتی ڈیزل موٹر والی آبدوزوں کے سمجھوتے میں تاخیر نے ہمیں اس کے متبادل کی طرف مائل کیا۔ آسٹریلیا کے ملکی مفادات ہمارے لیے ترجیح رکھتے ہیں۔
