دبئی(نمائندہ خصوصی)پاکستان کو شاندار کارکردگی سے فتح دلانے والے پاور ہٹر محمد آصف نے کہا ہے کہ اگر ٹیم ورلڈکپ جیت گئی تو سب کھلاڑی فتح میری بیٹی کے نام کریں گے۔ انہوں نے ان جذبات کا اظہار کینسر کے مرض میں مبتلا ہوکر انتقال کر جانے والی 2سال کی بیٹی سے متعلق گفتگو میں کی۔آصف علی کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد ایک بہترین زندگی گزارے لیکن اللہ نے میری بیٹی کے نصیب میں یہی لکھا ہوا تھا جس پر میں مطمئین ہوں۔ قومی کرکٹر نے کہا کہ میں ایک سال سے بھاگ رہا تھا اس دوران میں نے کرکٹ بھی کھیلی، پی ایس ایل بھی کھیلی، پاکستان کے لیے ٹور بھی کیے، اس دوران بیٹی بھی بیمار رہی لیکن مجھے فیملی کی مکمل سپورٹ رہی، میری اہلیہ سمیت بھائیوں نے بھی میرا بھرپور ساتھ دیا۔بیٹی کی بیماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آصف علی کا کہنا تھا کہ بیٹی کی بیماری کے دوران ہم نے 20سے 25ڈاکٹرز تبدیل کیے، بیٹی پر دوائیاں اثر نہیں کرتی تھیں تو ہماری خواہش ہوتی تھی کہ کوئی مزید اچھا ڈاکٹرز مل جائے، جو صورتحال میری بیٹی کی تھی آنکھوں سے نہیں دیکھی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہر اولاد کے والدین چاہتے ہیں کہ ان کی اولاد خوش رہے، تکلیف کے باعث کئی کئی راتیں بیٹی سوتی نہیں تھی تو اللہ سے دعا کرتا تھا کہ بیٹی کی تکلیف دور کردے یا پھر اسے اپنے پاس بلالے۔آصف علی کا کہنا تھا کہ میں نے سب کھلاڑیوں سے درخواست کی ہے اگر پاکستان اس مرتبہ ورلڈکپ جیتے تو سب اس فتح کو میری بیٹی کے نام کریں گے، سب کھلاڑیوں نے اس حوالے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ اس مرتبہ ورلڈکپ میں جو جیت ہوگی وہ آپ کی بیٹی کے نام ہوگی۔

