English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یمن میں مسجد و مدرسے پر حملہ ، 39 شہری شہید

یمن: حوثیوں کے بیلسٹک میزائل گرنے سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں‘ قرآنِ کریم کے شہید نسخوں کے اوراق موجود ہیں

 

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے 2بیلیسٹک میزائل حملوں میں 39افراد شہید ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ حملے یمن کے وسطی صوبے مآرب میں قائم دارالحدیث نامی تعلیمی ادارے کی عمارت پر ہوئے۔ دارالحدیث مارب کے ضلع جوبہ کے علاقے عمود میں واقع ہے اور اس کے ساتھ ہی ایک مسجد بھی قائم ہے۔ حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ واقعے کے دوران مدرسے اور مسجد کے ارد گرد کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ادھر ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے مآرب میں کی گئی کارروائی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر طلبہ تھے جو مسجد کے اندر سو رہے تھے۔ مقامی لوگوں اور امدادی ٹیموں کی جانب سے ملبے کے نیچے دبے افراد کو تلاش کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل حوثی ملیشیا نے جمعرات کے روز اسی گاؤں میں ایک قبائلی رہنما شیخ عبداللطیف قبلی کے گھر کو بیلسٹک میزائل کے حملے کا نشانہ بنایا تھا،جس کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت 12 شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔ حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے اور شہریوں کے گھر اور املاک تباہ ہو گئیں تھیں۔یمنی وزیر اطلاعات معمر اریانی نے اپنے بیان میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برداری کی خاموشی کو ناقابل فہم اور بلا جواز قرار دیا۔ وزیر اطلاعات نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور امریکا کے خصوصی ایلچیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمے داریاں پوری کریں اور یمنی شہریوں کے یومیہ قتل کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اس سلسلے کو روکیں۔ دوسری جانب سعودی عرب کی فضائی دفاعی نظامی حوثی ملیشیا کی جانب سے جنوبی شہر خمیس مشیط کی سمت بھیجا جانے والا بارود سے بھر ڈرون طیارہ تباہ کر دیا۔ عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے،جو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ خیال رہے کہ یمن کے شمالی اور جنوبی حصوں میں تنازع دہائیوں سے موجود ہے، تاہم حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے اور پھر 2015ء میں سعودی عرب کی زیرقیادت اتحادی افواج کے حملے کے بعد سے اس ملک میں خانہ جنگی شدت اختیار کرگئی ہے، جس میں سب سے زیادہ نقصان عوام اٹھا رہے ہیں۔ شہریوں کو ہونے والے جانی ومالی نقصان میں جنگ کے فریقین شریک ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے