پشاور: ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے نیبرہوڈ اور ویلیج کونسل الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ الیکشن کے خلاف دائر درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنا دیا ہے، عدالت نے ؕنیبر ہوڈ اور ویلیج کونسل الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔
لوکل گورنمنٹ الیکشن کے خلاف جے یو آئی(ف) کے اکرم خان درانی، جماعت اسلامی کے عنایت اللہ خان اور مشتاق احمد خان، و دیگر خوشدل خان، حمایت اللہ مایار نے درخواست دائر کی تھی۔
خیال رہے کہ خیبر پختون خواہ میں 15 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہونا تھے، تاہم اب اس میں تاخیر ہونے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات موخر ہونے کا امکان ہے، کیونکہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کے فیصلے کے بعد شیڈول متاثر ہوگا۔

