حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے محکمہ بلڈنگ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ زیر تعمیر سندھ کوآپریٹو کالج حیدرآباد کے کام کو جلد مکمل کر کے سندھ کو آپریٹو سوسائٹیز کے حوالے کیا جائے تاکہ افسران کی تربیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ ہدایت انہوں نے آج زیر تعمیر سندھ کوآپریٹو کالج حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کالج کی تعمیر کا مقصد افسران کو تربیت کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے جبکہ محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمے کے افسران کی تربیت بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے سب انسپکٹرز، انسپکٹرز اور اسسٹنٹ رجسٹرار کے آگے پروموشن کیلیے انکی تربیت لازمی قرار دی گئی ہے ۔ لہٰذہ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے 2012 میں121ملین روپے کی لاگت سے سندھ کوآپریٹو کالج حیدرآباد کاکام شروع کیا گیاتھا جس پر اب تک 107ملین روپے لاگت آچکی ہے تاہم فنڈزکے تاخیر سے ریلیز کے باعث اب کالج کے کام کو مکمل کرنے کیلئے 178ملین روپے کی ریوائیزڈ پی سی ون پلاننگ اینڈ ڈویلپمینٹ ڈیپارٹمینٹ کو ارسال کی گئی ہے جس پر پلاننگ اینڈ ڈویلپمینٹ ڈیپارٹمینٹ کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوئیشن سیل نے ارسال کی گئی ان پی سی ون پر کچھ اعتراضات ظاہر کیے تھے جن اعتراضات کو ختم کرنے کیلئے دوبارہ ریوائیزڈپی سی ون تیار کر کے انہیں دوبارہ بھیجی گئی ہے جس کو وہ ذاتی طور پر پرسو کر رہے ہیں امید ہے کہ جلد فنڈز کا اجراء ہو جائیگا اور کالج کابقیہ کام مکمل کیا جائیگا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کالج کے پرنسپل عبد الرحمان میمن نے بتایا کہ کالج کیلئے 4ایکڑ دو گھنٹے اراضی مختص کی گئی تھی جس میں سے ایک ایکڑ دو گھنٹوںپر قبضہ گیروں نے قبضہ کر رکھا ہے جس کو خالی کرانے کیلئے متعد بار متعلقہ حکام کو لکھا گیا ہے جس پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی جبکہ صرف 3ایکڑز پر کالج کا تعمیراتی کام تعطل کا شکار ہے جبکہ کالج کے مکمل نہ ہونے کے باعث سب انسپکٹرز، انسپکٹرز اور اسسٹنٹ رجسٹرار کو کو آپریٹو سوسائٹیز ڈیپارٹمنٹ واقع شہباز بلڈنگ بلاک بی کے کمیٹی روم میں تربیت دی جا رہی ہے جبکہ کمیٹی روم میں گنجائش نہ ہونے کے باعث فی الحال 40انسپکٹرز کو تربیت دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سب انسپکٹرز کو 6ماہ ، انسپکٹرز اور اسسٹنٹ رجسٹرار کو 9ماہ کی تربیت دی جا رہی ہے ۔ تربیت کے دوران انہیں کوآپریٹو ایکٹ 2020ء کو آپریٹو قانون و ضوابط اکاؤنٹس ، اکنامکس سمیت ٹوٹل 9مضامین کی تربیت دی جا رہی ہے ۔ دی گئی مفصل بریفنگ پر صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ کالج کی زمین سے فوری طور پر قبضے ختم کرائے جائیں اور قبضہ گیروں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ انہوں نے سیکرٹری کوآپریٹو نسیم الغنی سہتوسمیت دیگر افسران کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور کالج کے کام کی نگرانی کریں اور اس کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے کام کو معیاری بنایا جائے غیر معیاری کام کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے زیر تعمیر کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری کوآپریٹو نسیم الغنی سہتو، صوبائی رجسٹرار کو آپریٹو سوسائٹیز فضل حسین اویسی ، جوائنٹ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز الطاف حسین میمن کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔