دبئی: بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، آسٹریلیا کے خلاف پوری ٹیم 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
دبئی میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 1 کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد نعیم اور لٹن داس نے کیا، بنگال ٹائیگرز کی اننگز کا آغاز انتہائی خراب رہا، اور پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر لٹن داس بغیر کھاتہ کھولے بولڈ ہوگئے، بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ بھی 6 رنز کے مجموعی اسکور پر گرگئی، اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسہ جاری رہا، اور پوری بنگلہ دیشی ٹیم 15 اوورز میں 73 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
بنگلادیش کی جانب سے صرف 3 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے، اوپنر محمد نعیم 17، کپتان محموداللہ 17 اور شمیم حسین نے 19 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سےایڈم زمپا نے 5 مچل اسٹارک ، جوش ہیزل وڈ نے 2،2 جبکہ گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ؕواضح رہے کہ آسٹریلیا نے ایونٹ میں اب تک 3 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ بنگلا دیش نے 4 میچز کھیلے ہیں اور ابھی تک کوئی بھی میچ جیتنے میں ناکام رہا ہے۔

