
ہیوسٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی جنوبی ریاست ٹیکساس میں میوزک فیسٹول میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 8 افراد ہلاک اور 300 سے زئد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا، جب کانسرٹ میں شریک افراد کی ایک بڑی تعداد آگے اسٹیج کے پاس پہنچنے کی کوششوں میں تھی۔ اس واقعے کے بعد فیسٹول منسوخ کر دیا گیا۔ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا، وہاں تقریباً 50 ہزار افراد موجود تھے۔ حادثے میں 300سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام وڈیو فوٹیج کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بھگدڑ کیسے مچی۔ ہیوسٹن سٹی کے فائر چیف سیموئل پینا نے ہفتے کے روز بتایا کہ ہیوسٹن میں ہونے والے آسٹرو ورلڈ میوزک فیسٹیول کے دوران مقامی وقت کے مطابق رات سوا 9 بجے کے قریب بھگدڑ مچی۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی افراد نے 300 سے زائد افراد کا سائٹ پر موجود فیلڈ اسپتال میں علاج کیا گیا اور 23 کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں سے 17 کچلنے اور 11 افراد دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے شدید زخمی تھے۔ زخمیوں میں 10 سال سے کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسٹیج کے سامنے کی طرف بھیڑ کا دباؤ بڑھنے لگا ، اور اس سے کچھ گھبراہٹ ہوئی اور کچھ لوگ زخمی ہونے لگے۔ لوگ بے ہوش ہو کر گرنے لگ گئے اور اس سے مزید خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔ 2 روزہ ایونٹ کی افتتاحی رات50ہزار کا ہجوم دکھانے میں آیا۔ ایونٹ کے ٹکٹ اس سال مئی میں پیش کرنے کے ایک گھنٹے کے اندر فروخت ہو گئے تھے۔ جب کہ گزشتہ سال کوویڈ کی وجہ سے یہ سالانہ تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔
