English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آسٹریلین ٹیم کا 23 سال بعد پاکستان کا دورہ ، پہلا ٹیسٹ کراچی میں ہوگا

القمر

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 1998 کے بعد آسٹریلیا کے پہلے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی-20میچز پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ اپریل میں کھیلی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق مہمان ٹیم نیشنل اسٹیڈیم میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ میچ کا آغاز 3 مارچ کو ہوگا۔سیریز کے باقی 2 ٹیسٹ میچز 12 تا 16 مارچ راولپنڈی اور 21 تا 25 مارچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔یہ میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہیں گے۔ترجمان نے بتایا کہ سیریز میں شامل تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تینوں ون ڈے میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کااس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کو خوش آمدید کہنے پر مسرور ہیں، انہیں 3ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کا 24 سال بعد پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا یہاں موجود فینز کے لیے بہترین لمحہ ہوگا، اسی طرح یہ آسٹریلوی کرکٹرز کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہوگا کہ وہ پاکستان کے تاریخی گرائونڈز میں کرکٹ کھیل کر یہاں کی عوام کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کرسکتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے پیار کرتی ہے اور ہماری آئندہ سال وہاں روانگی وہاں موجود کرکٹ فینز کو مزید پرجوش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بہت باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور اس کی مثال یو اے ای میں ٹی -20ورلڈ کپ میں ان کی حالیہ کارکردگی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس دورے کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں اور وہ اس سیریز کے لئے لاجسٹک، سیکورٹی اور کووڈ 19 پروٹوکولز سے متعلق آئندہ چند ماہ پی سی بی سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ ان کے لیے ان کے کھلاڑیوں اور سپورٹ ا سٹاف کی حفاظت پہلی ترجیح ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے