اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک +اے پی پی) مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اگلے2 سال میں صرف 2 ٹیکسز انکم ٹیکس اور جی ایس ٹی لاگو ہوں گے باقی تمام ٹیکسز کا خاتمہ کر دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاسلام آباد چیمبر آف کامرس میں کامیاب نوجوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ ملکی آبادی کا 60 فیصد 30 سال سے کم عمر ہے، انسانی وسائل پر سرمایہ کاری سے ترقی ہوگی، کامیاب جوان پروگرام کی بنیاد چھوٹے قرض پر رکھی گئی ہے۔شوکت ترین نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی آمدن سے متعلق تمام معلومات مل چکی ہیں،ایف بی آر اور نادرا کا ڈیٹا ایک ہوگیا، حکومت نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا استعمال کرکے ڈیٹا اکھٹا کیا ہے، ٹیکس کے نظام کو سہل کر رہے ہیں، اگلے 2 سال میں صرف 2 ٹیکسز انکم ٹیکس اور جی ایس ٹی لاگو ہوں گے، باقی تمام ٹیکسز کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔مشیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس لینا حکومت کا حق ہے، ٹیکس سے متعلق ایف بی آر کی مداخلت ختم کردی، ساٹھ کی دہائی میں پاکستان چوتھی بڑی معاشی طاقت تھا، ہمیں معاشی طاقت کو واپس لانا اور عالمی اداروں پر انحصار ختم کرنا ہے، ہم ٹیکس کے بغیر ترقی نہیں کرسکتے، ٹیکس دہندگان کو کوئی ہراساں نہیں کرے گا لیکن ٹیکس سب کو دینا ہوگا، یہ بھول جائیں کہ ٹیکس نہیں دینا۔مشیر خزانہ نے کہا کہ نوجوانوں کو ہر سہولت کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے سے ملک ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہو گا، کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ہمارا مقصد فلاحی مملکت کا قیام اور ملک کو شاندار معاشی مستقبل فراہم کرنا ہے جس کے لیے ہم سب کو ٹیکس دینا ہو گا، حکومت ٹیکس گزاروں اور کاروباری بردری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
