English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آصف علی نے آئی سی سی کے اکتوبر کے مہینے کے لیے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرلیا

القمر

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران شان دار بیٹنگ سے پاکستان کو فتوحات دلانے والے بلے باز آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی) کے اکتوبر کے لیے مہینے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرلیا۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق خواتین کی کیٹگری میں آئرلینڈ کی لورا ڈیلانی نے یہ ٹائٹل حاصل کرلیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ‘آصف علی نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے کو شکست دے کر یہ ایوارڈ جیت لیا’۔

آئی سی سی نے کہا کہ ‘خواتین کی جانب سے آئرلینڈ کی لورا ڈیلانی نے اپنی ساتھی کھلاڑی گیبی لیوس اور زمبابوے کی کھلاڑی میری اینے موسونڈا کو اس انعام سے باہر کردیا’۔

پاکستان کے جارحانہ مزاج بلے باز آصف علی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اکتوبر میں پاکستان کے لیے 273.68 کی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ آؤٹ ہوئے بغیر 52 رنز بنائے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آصف علی نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 12 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

جس کے بعد افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستان کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 24 رنز درکار تھے اور آصف علی نے 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگا کر ہدف حاصل کرلیا تھا۔

آصف علی کی تعریف کرتے ہوئے آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی کے رکن عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ ‘اپنی ٹیم کی جیت کے لیے مدد کرنا، خاص کر شکست کے دہانے سے، جو ان کو نمایاں کرتی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘گوکہ انہوں نے دیگر نامزد دونوں کھلاڑیوں سے مجموعی طور پر کم رنز بنائے ہیں تاہم جو حصہ انہوں نے ڈالا ہے اور دباؤ کی صورت حال سے انہوں نے فتح چھین لی جو سب سے منفرد ہے’۔

اسپورٹس جرنلسٹ زینب عباس نے ٹوئٹر پر ردعمل میں کہا کہ آصف علی کو آئی سی سی کا مہینے کا بہترین کھلاڑی قرار دینے پر بہت مبارک ہو اور وہ اس کے حق دار ہیں۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے