اسلام آباد: احساس پروگرام کی چیئرمین ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مستحق خاندانوں اور کریانہ کے تاجروں کا اندراج کرنے کیلئے احساس راشن رعایت پورٹل کے اجراءکا اعلان کیا ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشترنے پورٹل پر پہلے کریانہ تاجر کا اندراج کرنے کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) کے سینئر حکام کے ساتھ ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں ایک مقامی کریانہ اسٹور کا دورہ کیا۔
رجسٹریشن آن لائن احساس راشن پورٹل ehsaasrashan.pass.gov.pk کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نے مستحق گھرانوں اور کریانہ کے تاجروں کی رہنمائی کے لیے پروگرام سے متعلق ایک ہدایاتی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ “کم آمدنی والے خاندان جو احساس راشن پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر (CNIC) پر جاری کردہ ایک موبائل نمبر کے ذریعے پورٹل پر رجسٹر ہوں گے۔
ہر گھر سے صرف ایک فرد راشن رعایت پروگرام میں رجسٹر ہونے کا اہل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا، “احساس سماجی اقتصادی رجسٹری سروے جو ابھی مکمل ہوا ہے اس پروگرام کے لیے مستحق گھرانوں کی شناخت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
پورٹل پر رجسٹریشن کے بعدگھرانوں کی اہلیت کا تعین چار ہفتوں کے اندر کیا جائے گا۔ درخواست گزار گھرانوں کو 8171 سے اہلیت کے پیغامات بھیجے جائیں گے۔ یہ پروگرام NBP کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔
احساس راشن رعایت پروگرام کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقات پر مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا ہے۔ 20 ملین اہل گھرانوں میں سے ہر ایک کو آٹا، کوکنگ آئل اور دالوں کی خریداری پر ایک ہزار روپے ماہانہ کی سبسڈی فراہم کی جائیگی۔ تمام اہل گھرانے NBP کے نامزد کریانہ اسٹورز سے 30% سبسڈی پر راشن خرید سکیں گے۔
ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ احساس راشن پورٹل ملک بھر سے کریانہ کے تاجروں کو بھی رجسٹر کرے گا۔ رجسٹریشن کے بعد کریانہ انٹرپرائزز کی فزیکلی بھی تصدیق کی جائے گی۔ ایک بار جب وہ تصدیق کے عمل میں کامیاب ہو جائیں گے، کریانہ کے تاجر سبسڈی کا فائدہ مستحق گھرانوں تک پہنچا سکیں گے۔
کریانہ کے تاجروں کے لیے ایک درست بینک اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے۔ جن کے بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں انہیں نیشنل بینک آف پاکستان کی قریبی برانچوں میں اپنے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ بینک اکاؤنٹس کے حامل کریانہ کے مجاز تاجر اپنے موبائل فونز میں ‘موبائل پوائنٹ آف سیل’ (mPOS) ایپ ڈاؤن لوڈ کریں گے جس کے ذریعے وہ اہل خریداروں کی اہلیت کا پتہ لگائیں گے، ضروری اشیاءکے آئیکنز پر کلک کریں گے اور سبسڈی کو پاس کریں گے۔
ڈاکٹر ثانیہ نے کہا،” ٹیکنالوجی کے اقدامات ہیرا پھیری سے بچنے اور غلط استعمال کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں،حکومت کریانہ کے تاجروں کو احساس سبسڈی کی رقم پر پرکشش کمیشن دے کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

