English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شہری کا 25 سال سے زیر التواء مسئلہ حل

 لاہور: محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان کی ہدایت پرشہری کا 25سال سے زیر التواءمسئلہ حل ہو گیا۔ محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر محکمہ انہا ر نے ننکانہ صاحب کے رہائشی کی زرعی اراضی کو کینال کمانڈ ایریا میں شامل کر دیا جس سے نہ صرف شکایت کنندہ کا 25سال سے زیر التوا مسئلہ دفتر محتسب پنجاب کی کوششوں سے حل ہو گیا بلکہ محکمہ انہارنے تاخیر کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے بعد انہیں شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز بھی کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب کے رہائشی محمد وجیہہ الدین نے شکایت درج کرائی تھی کہ انکے مرحوم والد کی طرف سے سال 1996میںدی گئی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ڈویژنل کینال آفیسر حافظ آباد ڈویژن نے انکی 38ایکڑ زرعی اراضی کو کینال کمانڈ ایریا میں شامل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے حتمی منظوری کے لئے معاملہ سپرنٹنڈنگ انجینئر ویسٹ سرکل فیصل آباد کو بھجوا دیا تاہم وہاں معاملہ تاخیر کا شکار ہو گیاجو تاحال حل نہ ہوا۔ حالانکہ مذکورہ اراضی کا آبیانہ بھی باقاعدگی سے ادا کیا جاتا رہا اور دیگر کاشتکاروں کو بھی انکی وارہ بندی پر کو ئی اعتراض نہ تھا۔ دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی حکم کے خلاف ایجنسی کی جانب سے گورنر پنجاب کے روبرو دائر کردہ اپیل بھی2014میں خارج ہو گئی تھی مگر محکمہ انہارکی جانب سے شکایت کنندہ کی دادرسی میں کوئی پیشرفت نہ ہوئی۔ دفتر محتسب پنجاب میں کارروائی کے دوران سیکرٹری محکمہ انہار پنجاب کو شکایت کنندہ کی بلاتاخیر حقرسی اور تاخیر کے مرتکب افسران کا تعین کرنے کے بعد انکے خلاف تادیبی کارروائی کی حتمی ہدایت جاری کی گئی جس کی تعمیل میںمحکمہ انہار نے کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف شکایت کنندہ کی 38ایکڑ زرعی اراضی کو کینال کمانڈ ایریا میں شامل کر دیا بلکہ تاخیر کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے بعد انہیں شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا بھی کردیا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے