English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کل بھوشن سے متعلق قانون سازی کیلئے مشترکہ پارلیمانی اجلاس کل طلب،اپوزیشن ٹف ٹائم دینے کو تیار

القمر

اسلام آباد( نمائندہ جسارت)حکومت نے بھارتی جاسوس کل بھوشن سمیت دیگر اہم قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل جمعرات کو طلب کرلیا۔منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مشترکہ پارلیمانی اجلاس بلائے جانے سے متعلق حتمی مشاورت کی گئی ۔وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ممکنہ قانون سازی پر کابینہ ارکان کو بریفنگ دی اور بتایاکہ مشترکہ اجلاس میں انتخابی و قانونی اصلاحات، الیکٹرونک ووٹنگ، ادارہ جاتی اصلاحات اوربھارتی جاسوس کل بھوشن کیس سے متعلق قانون سازی کروائی جائے گی۔دوسری جانب ن لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزاز میں سینیٹ کے بینکوئٹ ہال میںعشائیہ دیا جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے بھی شرکت کی۔ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، ہم نے فیصلہ کرکے مہنگائی کے خلاف اور نیب آرڈیننس کے خلاف کمر کس لی ہے، متحدہ اپوزیشن پارلیمان میں اور اس سے باہر بھرپور احتجاج کرے گی، مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی حتی کہ حکومت کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران نیازی این آر او لینا چاہتا ہے، نیب آرڈیننس کو بہر صورت روکیں گے، پارلیمان میں بھی اور عدالت کے ذریعے بھی، ہم عوامی قوت کے ساتھ ملک کو صحیح معنوں میں آگے لے کر جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ چکمہ دے کر مشترکہ اجلاس کے ذریعے قانون سازی کرے لیکن ہم اسے روکیں گے۔ شہباز شریف اپنی جماعت کے تمام اراکین کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پارلیمان میں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہیں، آج متحدہ اپوزیشن نے ایوان میں حکومت کو شکست دی، اپوزیشن کا اتحاد ہی حکومت کو شکست دے سکتا ہے، پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں پیپلز پارٹی متحدہ اپوزیشن کے ساتھ فعال کردار ادا کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے