سکھر( نمائندہ جسارت)جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، وقت آگیا ہے کہ ملک اور 22 کروڑ عوام کو اس نااہل نالائق سلیکٹڈ سے چھٹکارا دلایا جائے، سندھ فروش حکمرانوں کے دن بھی گنے جا چکے ہیں، قاتل، ظالم، مزید اقتدار پر ٹک نہیں سکتے، 13 نومبر کو کراچی میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جبکہ 27 نومبر کو لاڑکانہ میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع شہید اسلام کانفرنس منعقد کی جائے گی۔جمعیت علما اسلام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ عمران خان کے دن گنے جا چکے ہیں، عمران نیازی اور پاکستان دونوں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ہم عمران اور اس کے اقتدار کی وجہ سے ملک کو مزید امتحان میں نہیں ڈال سکتے، یہ ملک اور ملک کی 22 کروڑ عوام کو اس نااہل نالائق نشئی اور یوٹرن لینے والے حکمران کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بھی، سندھ فروش حکمرانوں کا وقت پورا ہوا چاہتا ہے، عوام نے فیصلہ دے دیا کہ وہ جمعیت علما اسلام پر اعتماد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب بات واضح ہوگئی ہے کہ سندھ میں جمعیت علمائے اسلام متبادل کے طور قوت بن کر سامنے آچکی ہے، جمعیت علمائے اسلام ہی اقتدار میں آکر سندھ فروش، نوجوانوں کے قاتل، وسائل بیچنے والے، بچیوں کی عزتوں سے کھیلنے والے، قرآن مجید کو گولیاں مارنے والے ،مساجد کو بلڈوز کرنے والوں اور انکروچمنٹ کے نام پر لوگوں کو بے گھر کرنے والے حکمرانوں سے حساب برابر کریں گے۔انہوں نے کہا اب کوئی مائی کا لعل بیدار ہوئی عوام کا نہ راستہ روک سکتا ہے نہ ووٹ چوری کرسکتا ہے، جو ایسا کرے گا ہم اس سے نمٹیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 13 نومبر بروز ہفتہ کراچی میں مہنگائی کے خلاف مظاہرہ ہوگا جس میں قائد PDM حضرت مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے اور 27 نومبر کو لاڑکانہ اسٹیڈیم میں شہید اسلام کانفرنس سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد ہوگا۔ کانفرنس سے مرکزی سالار عبدالرزاق عابد لاکھو، مولانا فتح محمد مہیری، مولانا محمدعیسی سموں، مولانا عبدالواحد منگریو، مولانا گل حسن زئنور، مولانا صبغت اللہ و دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔
