English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

رمیز راجہ نے پاک بھارت ٹیموں کے درمیان سیریز سے متعلق میٹنگ کے امکان کو مستردکردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سیریز سے متعلق میٹنگ کے امکان کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ سہ ملکی سیریز میں پاک بھارت ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنا کر سکتی ہیں ۔ ایک انٹرویومیں رمیز راجہ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان سہ ملکی سیریز کے لیے کارڈ سے باہر نہیں ہیں اور سہ ملکی سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنا کرسکتی ہیں۔تاہم پی سی بی چیئرمین نے دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان سیریز سے متعلق میٹنگ کے امکان کو مستردکردیا۔رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز مشکل کام ہے مگر کچھ پوائنٹس پر سہ ملکی سیریز کرائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کا تعلق ہے ان سے دستبردار ہونا آسان نہیں ہے کیونکہ اس طرح کے کیس میں بہت زیادہ دباؤ ہوتا ہے، تمام چیزیں بورڈز کے سامنے پیش کی جاتی ہیں اس لیے انہیں نہیں لگتا کہ بھارت انٹرنیشنل ٹورنامنٹس سے پیچھے ہٹے گا۔واضح رہے کہ 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میدان پاکستان میں سجے گا لیکن روایتی حریف بھارت کی اب تک اس اہم ایونٹ میں شرکت یقینی نہیں ہے۔ اس حوالے سے بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھاکہ دورہ پاکستان کے حوالے سے وقت آنے پر فیصلہ کیا جائے گا، بھارتی حکومت پوری طرح پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گی جس کے بعد ہی ہم ٹیم بھیجنے سے متعلق کوئی اعلان کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے