حیدرآبا(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈ حیدرآباد کرپشن اور نا اہلی کا گڑھ بنا ہوا ہے،تعلیمی بورڈ انتظامیہ کی نااہلی سے تین مہینے بعد بھی فرسٹ ائیر کی کلاسیں شروع نہیں ہوسکی ہیں،پہلے میٹرک کے نتائج میں تاخیر اور اب مارکس شیٹ کا اجرا بھی رکا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سفارشی بھرتیاں،اضافی اختیارات،نااہلی اور
کرپشن نے تعلیمی بورڈ حیدرآباد کو مسائل کی آماجگاہ بنارکھا ہے۔اگست میں شروع ہونے والی فرسٹ ایئر کی کلاسیں 3 ماہ گزرنے کے باوجود اب تک شروع نہیں ہوسکیں اس کی وجہ میٹرک کے نتائج میں غیر معمولی تاخیر اور مارکس شیٹ کا عدم اجرا ہے۔حالانکہ اس دفعہ صرف منتخب مضامین کے مختصر پیپر ہوئے ہیں یعنی کم کام ہونے کے سبب نتائج بھی جلد آنا چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں کرپٹ اور نااہل لوگوں کا راج ہے جن کے اللے تللے ختم ہونے کا نام نہیں لیتے۔ایک عرصے سے بورڈ میں اعلیٰ انتظامی اسامیاں خالی ہیں اشتہار دیا جاتا ہے پھر واپس لے لیا جاتا ہے اور منظور نظر افراد کرپشن کا بھرپور موقع دیا جاتا ہے ،نہ جانے کتنی دفعہ دکھاوے کے لیے کارروائیاں کی گئیں مگر نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات نکلتا ہے۔تعلیمی بورڈ جس سے ہر سال ہزاروں طلبہ و طالبات کا مستقبل وابستہ ہوتا ہے اس کا قبلہ درست کرنا ضروری ہے. یہاں کی ہر اسامی پر میرٹ کا خیال رکھاجائے چیئرمین اور کنٹرولر کی اسامیاں شفاف طریقے سے پُر کی جائیں اور موجودہ انتظامی افسران کے آمدنی سے زائد اثاثوں کا کھوج لگایا جائے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
