
اسلام آباد/ راولپنڈی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہے جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے تحت مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف 28نومبر کو اسلام آباد میں عظیم الشان احتجاجی دھرنا ہوگا، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری کا سونامی حکمرانوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا، انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان اپنے ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے در در کے دھکے کھا رہے ہیں، ان کے لیے کوئی روزگار نہیں۔ نوجوان نسل میں مایوسی پھیل رہی ہے، غربت کو عوام کا مقدر بنادیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے عہدے داران سے گفتگو کرتے ہو ئے نصراللہ رندھاوانے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے طوفان نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے،عوام چند نوالوں کے لیے ترس گئے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے اپنے نعروں اور وعدوں کے بر عکس طرز حکمرانی شروع کررکھا ہے، ایسے میں ضروری ہوگیا ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام کا نفاذ ہو،لوگوں کے تمام دکھوں کامداوا اسلامی نظام کے نفاذ میں پوشیدہ ہے،انہوں نے کہا کہ قوم آئندہ انتخابات میں ظالموں کا ساتھ نہ دے اور اپنے حقوق کے لیے بلاخوف آواز بلند کرے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ہماری جدوجہد اور محنت کا مقصد ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔اقتدار میں آکر ان شااللہ ملک کو عظیم بنائیں گے۔ جماعت اسلامی عدالتوں میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرے گی اور ملک کو سود کی لعنت سے نجات دلائے گی۔ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا اور ملکی وسائل عوام پر خرچ کریں گے۔ جماعت اسلامی پنجاب شمالی کے جنرل سیکرٹری اقبال خان نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی بلڈنگ میں 28 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے یوتھ مارچ کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات سے اعلان کیا تھا کہ اقتدار میںآنے کے بعد وہ ایک کروڑ نوجوانوں کو ملازمین دیں گے،مگر افسوس کہ دیگر وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی ابھی تک پورا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 28نومبر کو نوجوان وزیر اعظم عمران خان کو ان کا ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ یاد کروانے کے لیے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ایوانوں میں ملک دشمنی پر مبنی قانون سازی ہوئی ہے۔ مخالفت میں صرف جماعت اسلامی کی ایک توانا اواز تھی۔افسوس کہ معاشرے کو تلپٹ کیاجا رہا ہے۔اسمبلیوں میں ہم ہی بول رہے ہیں۔اس قسم کے معاملات اور مسائل کے حوالے سے جماعت اسلامی کے ارکان کا اسمبلیوں میں پہنچنا ضروری ہے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا کہ 28نومبر کو یوتھ مارچ اسلام آباد میں شرکت کے لیے راولپنڈی کا قافلہ بعد نماز ظہر گلشن دادن خان شمس آباد مری روڈ راولپنڈی سے روانہ ہو گا۔اجلاس میں امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی،صدر جے آئی یوتھ ضلع راولپنڈی ملک عمران،جماعت اسلامی کے زونل امراء اور جے ائی یوتھ کے زونل صدور نے تیاریوں کے حوالے سے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔اس اجلاس میں نیشل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب شمالی رسل خان بابر، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی رضوان احمد اورصدر جے آئی یوتھ پنجاب شمالی اویس اسلم مرزا کے علاوہ ضلعی اوز زونل عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
