حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی زون آفندی ٹاﺅن اور زون حالی روڈمیں ” سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا ۔ نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز نے خصوصی خطاب کیا ۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، مذہبی اسکالر مجیب اللہ منصوری نے بھی سیرت کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع حیدآباد عبدالقیوم شیخ ، ڈاکٹر سیف الرحمن، زون آفندی ٹاﺅن کے امیر عامر فاروق ، زون حالی روڈ کے امیر محمد اسحاق خان بھی موجود تھے۔ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رحمت اللعالمین کے درس انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ صبر و تحمل،برداشت،رواداری اور احترام انسانیت اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے۔جماعت اسلامی ایک دینی سیاسی جماعت ہے یہ خالصتاً اللہ پاک کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے لیے انبیاءکے مشن پر کام کر رہی ہے جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مظلوموں کے لیے نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم میں ہی تمام مسائل کا حل موجود ہے، مدینے کی ریاست کے دعویدار حکمران آج ملک میں بیروزگاری،بھوک،بدحالی، مہنگائی اور غربت کی سونامی کا سبب بن چکے ہیں، ملک میں امریکی غلاموں نے پاکستان میں ایک دن بھی اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا نظام نافذ نہیں ہونے دیا، قرآن و سنت کے نظام میں ملک اور عوام کے تمام مسائل کا حل موجود ہے، ملک پاکستان آج بھی مسائل کا گڑھ اور عوام کی حالت زار دن بدن خراب ہورہی ہے، امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہورہا ہے۔ حضرت محمد مصطفی کے پیغامات اور عمل کو آگے بڑھانے کی ذمے داری امت پر عائد ہوتی ہے۔تعلیمات نبوی پر عمل کرنے میں ہی ہماری کامیابی ہے اور امن و ترقی کی منزل نبی رحمتکی پیروی پر عمل کرنے سے ہی مل سکتی ہے۔
