English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حیدرآباد،آٹا چکی اونرز نے سرکاری نرخ مسترد کردیئے

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر ) آٹا چکی اونرز سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد میمن،نائب صدر عبدالفاروق راٹھور،جنرل سیکرٹری حاجی نجم الدین چوہان،جوائنٹ سیکرٹری محمد فاروق قمر،خازن محمد شفیق قریشی اور اطلاعات سیکرٹری ملک محمد ہارون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس حیدرآباد سے 9 اپریل 2021ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں فی کلو آٹا کی قیمت 60 روپے مقرر تھی لیکن حیرت انگیز طور پر 7 ماہ 10 دن گزرنے کے بعد 19 نومبر 2021 ء کو جو نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری کیا گیا ہے اس میں بھی فی کلو آٹا کی قیمت 60 روپے ہی رکھی گئی ہے جو حقائق کے سراسر منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران حکومتی سطح پر متعدد بار بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کے علاوہ لیبر چارجز،گاڑی کرایہ، آٹا پیکنگ سمیت دیگر اخراجات میں بے تحاشا اضافہ ہوچکا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں 18.34 فیصد اضافہ ہوا ہے مگر ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی نے آٹا کی فی کلو قیمت مقرر کرتے وقت زمینی حقائق کو یکسر پس و پشت ڈال دیا ہے اور کسی ’’نامعلوم وجہ‘‘ پر آٹا چکی مالکان سے فی کلو آٹا 60 روپے میں فروخت کرانے پر بضد دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے متعدد بار ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سمیت ڈویژنل کمشنر اور محکمہ خوراک سندھ کے افسران کو سرکاری اور اوپن مارکیٹ سے خریدی گئی فی کلو گندم سے چکی کا اسپیشل آٹا بنانے پر آنے والے 16 روپے 40 پیسہ اخراجات سے تحریری طور پر آگاہ کرتی آرہی ہے مگر اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اوپن مارکیٹ میں فی کلو گندم کی قیمت 61 سے 62 روپے تک ہے ان حالات میں چکی مالکان فی کلو آٹا 60 روپے کس طرح فروخت کرسکتے ہیں؟جبکہ محکمہ خوراک سندھ اپنی اسسمنٹ یومیہ فی پتھر 2400 کلو گندم پسائی کے مقابلے میں 220 کلو سرکاری گندم کوٹہ فراہم کررہا ہے جو حیدرآباد کے عوام کی آٹا کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے انتہائی ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو خط لکھ دیا ہے جس کی کاپیاں سیکرٹری فوڈ سندھ، سیکرٹری اسٹاف وزیر اعلیٰ سندھ، سیکرٹری اسٹاف چیف سیکرٹری سندھ، ڈویژنل کمشنر، ایس ایس پی ڈائریکٹر انفارمیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر بیورو سپلائی اینڈ پرائسز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر،اسسٹنٹ کمشنر و مختار کار سٹی،لطیف آباد، قاسم آباد، تعلقہ رورل حیدرآباداور ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی کو بھی ارسال کردی ہیں۔ انہوں نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ زمینی حقائق اور فی کلو گندم سے آٹا بنانے پر آنے والے اخراجات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہول سیل فی کلو آٹا کی قیمت مقرر کرے اور 19 نومبر 2021ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن پر نظر ثانی کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے