ڈھاکہ: تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 125 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھلے جارہے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنلگہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ، بنگلہ دیش کی جانب سے محمد نعیم اور نجم الحسن شانتو نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستانی بولنگ اٹیک کے آگے بنگلادیش کی بیٹنگ ایک بار پھر خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور کوئی بھی بنگلادیشی کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں میزبان ٹیم 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی۔
بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ صرف 7 کے مجموعی اسکور پر گری، نجم الحسن شانتو 5 رنز بناکر شاہنواز دھانی کا شکار بنے، قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد نعیم نے 47 جب کہ شمیم حسین نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2،2 جب کہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

