ڈھاکا (جسارت نیوز)پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ گرین شرٹس نے بنگال ٹائیگرز کی طرف سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف آخری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حیدر علی نے 45 اور محمد رضوان نے 40 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کرپاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بنگلا دیشی کپتان محمد اللہ نے آخری اوور میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حیدر علی کو میچ اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ پیر کو شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان محمد اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے پہلے ہی اوور میں اوپنر نجم الحسن شانتو کو 5 کے انفرادی ا سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ 37 کے مجموعی اسکور پر بنگلا دیش کی دوسری وکٹ گر گئی، شمیم حسین 22 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ عفیف حسین تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اوپنر محمد نعیم نے 47 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں محمد وسیم نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔ کپتان محمد اللہ 13، نورالحسن 4 اور امین الاسلام 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اس طرح میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ محمد وسیم اور عثمان قادر نے2,2 جبکہ شاہنواز دھانی اور حارث رئوف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد 20 ویں اوور کی آخری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

