کراچی (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد مہنگائی بڑھے گی، گورنر اسٹیٹ بینک کوغیر اعلانیہ طور پر ملک کا وائسرائے بنادیا گیا ہے ،شرح سود میں اضافہ نجی صنعت کے گلے میں پھندا ہے ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ریکارڈنگ کو امریکی کمپنی نے اصل قرار دیا ہے،جب انصاف فراہم کرنے والے پارٹی بن جاتے ہیں تو اسی طرح ہوتا ہے ، سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت ہے،وہاں سے حکومتی بلز کیسے منظور ہوئے یہ سوال پیپلزپارٹی سے کیا جانا چاہیے کیونکہ وہاں اپوزیشن لیڈر پیپلز پارٹی کا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمسلم لیگ ہائوس
کارساز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئرنائب صدر علی اکبرگجر،انفارمیشن سیکرٹری خواجہ طارق نذیر،جنرل سیکرٹری کراچی ناصرالدین محمود اور دیگربھی موجود تھے۔
