ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے الیکٹرک کیخلاف تحقیقات کی جائے،حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن لیاری میں کے الیکٹرک کے گارڈ ز کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالوںکی سول اسپتال میں عیادت دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے لیاری میں 5سے زائد فیڈرز بند کرنے کے خلاف عوام کے کے الیکٹرک آفس کے سامنے پر امن احتجاج کے دوران کے الیکٹرک کے سیکورٹی گارڈزکی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ کرنے کی شدید مذمت اور غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ کس قانون کے تحت معصوم لوگوں پر گولیاں چلاسکتی ہے؟ اور کس قانون کے تحت بجلی بند کرسکتی ہے ؟کے الیکٹرک ایک بے لگام گھوڑا ہے جسے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے،کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کے کہنے پر معصوم بچوں پر گولیاں چلائی گئیں ،آرمی چیف ،ڈی جی رینجرز سمیت تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فائرنگ کا حکم دینے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، کے الیکٹرک جیسے مافیاز اپنی دھاک بٹھانے کے لیے بڑے بڑے ریٹائرڈ لوگوں کو رکھ لیتے ہیں ،غریب عوام کا استحصال کرتے ہیں اور اعلیٰ اداروں کا نام استعمال کرتے ہیں ، جو ان اداروں اور ریاست کے لیے بھی ایک سوالیہ نشان ہے اوراس سے بڑھ کر کوئی شرم ناک بات نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی فائرنگ سے زخمی ہونے والے معصوم بچوں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہے ،کسی صورت میں بھی مجرموں کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ فوری طور پر شفاف تحقیقات کروائیں اور فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں ،واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے ، اگر مقدمہ درج نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول اسپتال میں کے الیکٹرک کے گارڈز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچوں سے ملاقات اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی ورکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نائب امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک مافیا کی صورت اختیار کرچکی ہے ،گھروں میں بجلی تو نہیں آتی لیکن ہزاروں روپے کے بل بھیج دیے جاتے ہیں ، لیاری میں 24گھنٹے سے بجلی موجود نہیں ،بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لیاری کے عوام پانی بھی نہیں بھر سکتے ،یہ بڑا المیہ ہے کہ گھروں میں گیس میسر نہیں ہے لیکن کے الیکٹرک مافیا کو گیس مل رہی ہے اس کے باوجود کے الیکٹرک نے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کرکے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ۔سید عبد الرشید نے کہاکہ کے الیکٹرک کی دہشت گردی اور مظالم ہم کئی برسوں سے برداشت کر رہے ہیں،24گھنٹے سے لیاری کے علاقے سنگھولین ،موسیٰ کالونی اور اطراف کے علاقوں میں بجلی نہیں تھی ،بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچے بلک رہے تھے،علاقہ مکینوں کے ساتھ مل کر ہم احتجاج کررہے تھے،احتجاج کے دوران پر امن مظاہرین پر نجی بینک کے قریب فائرنگ کی گئی اور 2افراز زخمی کردیے گئے ۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں