
میڈرڈ (انٹرنیشنل ڈیسک) اسپین میں آرون نامی طوفان کے باعث معمولات زندگی معطل ہوگئے اور، ریکارڈ برف باری سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ ٹریفک پولیس اورمقامی اہل کاروں کی جانب سے برف ہٹانے کے لیے اقدامات کیے گئے،جب کہ سڑکوں پر بند ہونے والے ٹرکوں کو دیگر گاڑیوں کی مدد سے نکالا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق برفانی طوفان کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گرگیا ہے اور شدید برف باری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔دوسری جانب برطانیہ میں طوفان کے دوران مختلف حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے درخت جڑوں سے اکھاڑ پھینکے۔ تیز ہواؤں سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور ڈھائی لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔
