حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف ضلعی صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی نااہلی کے باعث بلدیاتی اداروں کے ملازمین ہڑتال پر ہیں جس کے سبب شہری اور دیہی علاقوں میں زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ عام شہری کو ہڑتال کے باعث روزمرہ کے کاموں کے لیے پریشانی کاسامنا ہے۔ کئی رو زسے شاہراہوں سے کچرا نہ اُٹھانے کی وجہ سے جگہ جگہ بدبو پھیلی ہوئی ہے لیکن صوبائی حکومت اور خاص طورپر صوبائی وزیر بلدیات نہ تو اس مسئلے کو حل کرنے کو تیار ہیں اور نہ ہی اس پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت جو بنیادی طورپر لوٹ مار اور بدعنوانی میں اس قدر مصروف ہے کہ اسے نہ تو شہریوں کے مسائل کا خیال ہے اور نہ ہی سرکاری ملازمین کا مسئلہ حل کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی رٹ بھی کسی جگہ نظر نہیں آتی ، ہر طرف افراتفری کا عالم ہے ۔ نہ تو کوئی انتظامی ادارہ کام کر رہا ہے اور نہ ہی سول معاملات کے حوالے سے کام کرنے والے ادارے کوئی کام کرپارہے ہیں جس کی سزا براہ راست عوام کو مل رہی ہے اور عوام تمام تر ٹیکس دینے کے باوجود بھی مشکل اور پریشانی سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے اور عوام کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔
