ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بری پرفارمنس کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بننے والے قومی آل رانڈر حسن علی نے دورہ بنگلادیش کے اختتام پر پاکستانی فینز کے نام دلوں کو جوڑنے والا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر آل رائونڈر حسن علی کا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے لیکر دورہ بنگلا دیش کے اختتام تک کا تذکرہ کیا ہے۔ حسن علی کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ دو ماہ کے اس سفر میں کئی اتار چڑھا ئوآئے لیکن وہ کہتے ہیں نا کہ آل ویل اف اینڈز ویل ہمارا یہ سفر بھی ایسا ہی رہا، اس سفر کے آغاز میں ہم نے انڈیا کو ہرا کر تاریخ رقم کی لیکن ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے کا بہت دکھ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بوجھل دلوں کے ساتھ ڈھاکا روانگی کے لیے دبئی ائیر پورٹ پر پہنچے جہاں موجود پاکستانیوں اور کرکٹ فینز کی حوصلہ افزائی نے ہماری ہمت بڑھائی اور ہم نے ڈھاکا پہنچ کر بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کیا اور پھر ٹیسٹ سیریز بھی جیتی۔قومی آل رانڈر کا کہنا تھا کہ غلطیوں سے سیکھتے ہوئے پریکٹس کے ذریعے ہم بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ سمیت ہر شعبے میں بہتری لیکر آئے جس کا ثبوت یہ ہے کہ ہر میچ میں ایک نیا کھلاڑی مین آف دی میچ بن رہا ہے جو ہماری ٹیم کے کامیاب ہونے کی ایک بڑی نشانی ہے۔
حسن علی نے مزید کہا کہ اب جب اس سفر میں تھوڑا سا وقفہ آیا ہے تو میں یہ کہوں گا کہ اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے، ہم سب بابر اعظم کی قیادت میں متحد اور بے خوف کرکٹ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
