English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت خطے کیلیے خطرہ ہے ،امریکا کردار ادا کرے،وزیراعظم

 اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان سے امریکی سینیٹرز کا 4رکنی وفد ملاقات کررہاہے

اسلام آباد،میانوالی (صباح نیوز) بھارت خطے کے لیے خطرہ ہے،امریکا کردار اداکرے۔وزیر اعظم۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے امریکی سینیٹ کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہفتہ کو امریکی سینیٹ کے چار نما ئندگان پر مشتمل وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ 4 رکنی وفد میں سینیٹرز اینگس کنگ، رچرڈ بر، جان کارن اور بینجمن ساس شامل تھے، چاروں سینیٹرز سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے انٹیلی جنس کے رکن ہیں۔ اس موقع پروزیر اعظم نے کہا پاکستان اور امریکا کو مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے تعلق مزید مضبوط کرنا ہوگا،وفود کے دوروں سے باہمی تعلق مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، اور قریبی روابط بڑھیں گے، مضبوط شراکت داری خطے کے امن کے لیے باہمی طور پر مفید ہے، پاکستان، امریکا کو خطے میں امن استحکام کے لیے تعلق مزید مضبوط کرنا ہوگا۔وزیر اعظم نے امریکی سینیٹرز کو افغانستان میں بدلتی ہوئی صورت حال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا، انھوں نے افغانستان میں انسانی بحران روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات پر زور دیا۔وزیر اعظم نے امریکی سینیٹرز کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا آر ایس ایس نظریے سے متاثرہ بی جے پی حکومت کی انتہا پسند خارجہ پالیسی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، امریکا کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا پاکستان ایسے اقدامات کے لیے تیار ہے جس سے امن کو تقویت ملے، بھارت کی طرف سے سازگار ماحول پیدا کیا جائے تو پاکستان بات چیت کے لیے تیار ہے۔امریکی سینیٹرز نے افغانستان سے امریکی شہریوں، اور دیگر افراد کے انخلا میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کو اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم کوششیں کرنی چاہییں۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 2 سے 4 ماہ میں عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کمی ہوگی،ملک میں مہنگائی ہے اس کا ادراک ہے لیکن یہ بھی بتائوں کہ پاکستان ابھی بھی سب سے سستا ملک ہے۔ میانوالی میں منصوبوں کا افتتاح اور یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے اس کا ادراک ہے لیکن یہ بھی بتائوں کہ پاکستان ابھی بھی سب سے سستا ملک ہے، مسئلہ یہ ہے کہ چند مہینوں میں پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے کوئلے، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں تو پاکستان میں بھی بڑھانا پڑیں لیکن 2 سے 4 ماہ میں عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کمی ہوگی۔عمران خان نے کہا کہ 20 لاکھ خاندانوں کے لیے کامیاب پاکستان سکیم بنائی ہے جس کے ذریعے ان خاندانوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر 30 فیصد رعایت دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے یہاں کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، اور نہ کسی کی غلامی کریں گے، ایک دن آئے گا کہ پاکستان ایک آزاد ملک بنے گا جو اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر اپنے فیصلے خود کرے گا، وہ فیصلے عوام کے فائدے کے لیے ہوں گے۔عمران خان نے کہا کہ ہم سب سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں چاہے کسی کا نظریہ ہم سے مختلف ہو یا وہ کسی بھی جماعت سے ہو، چاہے وہ قبائلی بلوچستان کا ہو یا وزیرستان کے لوگ ہوں سب سے بات ہوگی، ہم امن سے مسئلے حل کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان لوگوں سے کبھی بات یا مفاہمت نہیں ہوگی جو پاکستان کی عوام کا پیسا چوری کرکے بیرون ملک بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم میں قانون کی بالادستی نہیں ہے وہ تباہ ہوجاتی ہے، جو طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لاتی اور بڑے ڈاکوئوں کو این آر دے وہ قوم آگے نہیں بڑھ سکتی، جب چوری کو برا نہیں سمجھیں گے تو محنت کون کرے گا، جب ڈاکا مار کے پیساکمانا ہو تو کام کیوں کریں گے، آج چوروں کو جیلوں میں ڈال کر ڈیل نہ کرنے والے ملک خوشحال ہیں اور وہ غریب ملک ہیں جہاں لوگ پیسے لے کر باہر چلے گئے، ہم ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر جانے والوں سے مفاہمت نہیں کریں گے اور نہ ہی ان کو این آر او دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے