اسلام آباد/ فیصل آباد (صباح نیوز) ن لیگ نے کہا ہے کہ عمران خان خود بھی چیئرمین نیب لگ جائیں تو بھی انہیں ہمارے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ملے گی‘کپتان کرسی چھوڑ کرعوام کو ریلیف دیں‘ ن لیگ نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کا مقابلہ کیا‘ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے‘ پی ٹی آئی سیاسی طور پر ختم ہو چکی‘ اپنے احتساب کی باری آئے تو وزرا اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوارکے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ سال 2018ء میں نالائقوں کی حکومت بنی جس نے شہباز شریف کے خلاف ہر قسم کے جھوٹے کیس بنائے‘ عوام کو ریلیف دینے پر شہباز شریف کو نشانہ بنایا گیا‘ (ن) لیگ نے نیب نیازی سیاسی گٹھ جوڑ کا مقابلہ کیا‘ ایک دھیلے کی کرپشن (ن) لیگی رہنمائوں کے خلاف ثابت نہیں ہوسکی‘ جب حمزہ اور شہباز شریف عمران خان کے بدبودار سیاسی انتقام کا 22 ماہ تک جیل میں نشانہ بن رہے تھے تو اس دوران منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کیوں نہیںکی گئیں۔ ترجمان ن لیگ نے حکومتی شخصیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کیسز کی سماعت نہیں کی جا رہی‘ حکومتی کرائے کے ترجمان اور وزرا نیب کی ترجمانی کرتے رہے‘ موجودہ دور حکومت میں عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، لوگوں کے پاس بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کے لیے پیسے نہیں لیکن ایف آئی اے کو کس کام پر لگایا ہوا ہے کہ شہبازشریف کو جیل بھیجنا ہے‘ اپنی احتساب کی باری آئے تو حکومت اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپتی ہے‘ کورونا وائرس کے فنڈ 350 ارب روپے کا حساب ہوا تو اس میں40 ارب روپے کا ڈاکا ڈال چکا تھا اور ابھی900 ارب روپے کا کوئی حساب نہیں ہوا ہے‘ عمران خان اپنی کرسی چھوڑیں اور عوام کو ریلیف دیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں عوام مسلم لیگ ن کو پنجاب سمیت ملک بھر سے کامیاب کرائیںگے‘ پی ٹی آئی سیاسی طور پر ختم ہو چکی ہے جبکہ اور کوئی جماعت ن لیگ کے علاوہ سرپرائز نہیں دے سکتی‘ عمران خان کی ای وی ایم سمیت کوئی کارڈ اور مشین کارآمد نہیں ہوسکتی ۔ ساڑھے 3 برس میں حکومت نے ساڑھے 350 فیصد مہنگائی کرکے عوام اور ملک کو بدحال کیا ہے‘ حکومت کا کوئی ایک بھی ایسا کارنامہ نہیں جسے سراہا جا سکے۔
