کراچی: شہر قائد میں سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان میں ملوث سرکاری اہلکاروں سمیت 9 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ونگ کمانڈر رینجرز کرنل سکندر نے پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ شہر میں اغوا برائے تاوان کی بڑی واردات میں ملوث 9 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار افراد میں 5 کا تعلق سرکاری محکموں سے ہے، ان میں 2 کسٹم اہلکار، 2 پولیس اہلکار اور ایک عدالتی ملازم شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری واٹس ایپ کو ٹریس کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے، یہ پہلا موقع ہے جب واٹس ایپ کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
کرنل سکندر نے بتایا کہ ملزمان نے گلشن معمار سے سنار کے بیٹے حمزہ کو اغوا کرنے کے بعد 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا، مغوی نوجوان کے اہلخانے سے 35 لاکھ روپے میں ڈیل ہوئی اوراغوا کاروں نے تاوان وصول کیا۔۔
ونگ کمانڈر رینجرز کرنل سکندر نے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان سے تاوان کی مد میں وصول کیا گیا 19 لاکھ 70 ہزار کیش بھی برآمد ہوا ہے، ملزمان کی نشاندہی پرمغوی کی موٹرسائیکل، اغوا کے لئے استعمال کی گئی گاڑی، موٹرسائیکل او ردیگر 7 گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔

