English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میڈیا نے وجیہ الدین کے بیانات کو بہت اچھالا،اپوزیشن کی کرپشن پر کوئی بات نہیں کرتا،عمران خان

القمر

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو جسٹس (ر) وجیہ الدین کے بیانات پر ردعمل سے روک دیااور کہا کہ میڈیا نے جسٹس (ر)وجیہ الدین کی بیانات کو بہت اچھالا، اپوزیشن کی کرپشن پر کوئی بات نہیں کرتا، میرے کوئی لاکھوں کے اخراجات نہیں،ایسی باتوں پر بات کرکے وقت ضائع نہ کریں، اپوزیشن جماعتوں کے لیڈرز نے ملکی خزانہ لوٹا،اس پر زیادہ بات ہونی چاہیے۔ جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا، معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے وزیراعظم اور شرکا ء کو کیس کے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔ منی لانڈرنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کا پیسہ منی لانڈرنگ میں استعمال ہوا، احتساب سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔اجلاس میں ملک میں توانائی کی تازہ صورتحال حال پر بھی غور کیا گیا اور ملک میں گیس کی قلت اور حکومتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جب کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے وزیراعظم اور شرکاء کو بریف کیا۔وزیراعظم کو مہنگائی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی اور مشیر خزانہ شوکت ترین نے شرکا ء کو معاشی اعدادوشمار پر اعتماد میں لیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ اقدامات سے مہنگائی میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آئے گا۔ جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومتی ترجیحات ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ای کورٹ سے عدالتی کاروائی چلانا ایک خوش آئند اقدام ہے، اس کے ذریعے کارروائی میں معزز عدالت کے قیمتی وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوتی ہے، عدالت کی ای کورٹ سے کارروائی کورٹ کیسوں کو وقت میں نمٹانے میں معاون ثابت ہوگی، ای کورٹ کے تعارف اور کارروائی کامیاب طریقے سے عمل میں آنے پر عدلیہ اور حکومتی ادارے دادِ تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ٹرسٹ دنیا میں منفرد اور واحد مفت کینسر کے علاج کا اسپتال چلا رہی ہے، ایسے فلاحی ادارے کو من گھڑت الزامات لگا کر سیاست کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے، عدالت سے امید ہے کہ وہ اس پر مثالی فیصلہ دے کر آئندہ کے لیے اس روایت کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے