راولاکوٹ: صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا قریبی ساتھی مختیار رشید جٹ فراڈ کیس میں گرفتار ہوگیا، راولاکوٹ سٹی تھانہ میں قید مختیار رشید کو بچانے کیلئے صدارتی ہائو س متحرک ہو گیا۔
مشیر صدارتی ہاوس عنصر صارم نے راولاکوٹ جا کر پولیس پر دباو ڈال کر ملزم کو بچانے کی سرتوڑ کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میرپور سے تعلق رکھنے والے مختیار رشید صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود کے دہائیوں سے قریبی اور با اعتماد ساتھی ہیں۔ راولاکوٹ سٹی تھانہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق مختار رشید نے راولاکوٹ بیکھ سے تعلق رکھنے والے عبدالحمید اور عمران شاکر سے کنیڈا بھبجنے کے نام پر 40 لاکھ روپے لیے اور جعلی ویزہ دیا۔
دھوکہ دہی اور جعلسازی کی بنیاد پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ملزم کو چند دن قبل میرپور سے گرفتار کیا اور راولاکوٹ سٹی تھانہ منتقل کر دیا۔ذرایع کے مطابق مختار رشید جٹ کی گرفتاری کی خبر میرپور کے سیاسی و حکومتی حلقوں میں پھیلنے کے بعد صدارتی ہاوس میں گیما گیمی پیدا ہو گئی۔
بیرسٹر سلطان کے قریبی ساتھی کو بچانے کیلیے صدارتی مشیر عنصر صارم نے راولاکوٹ کا دورہ کیا اور پولیس کے اعلی افسران پر دباو ڈالنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق عنصر صارم نے پولیس پر دباو ڈالا کہ اگر متخار رشید کو ریلیف نہ دی گئی تو صدر آزادکشمیر ناراض ہو کر انتقامی کاروائیاں کرائیں گے تاہم پولیس نے ملزم سے تفتیش جاری رکھتے ہوئے عدالت میں چلان پیش کرنے اور ثبوت جمع کرنے پر توجہ مرکوز رکھی ہوئی۔

